پاکستانی ٹیم کا آرمی اسکول کے دورہ کا فیصلہ

کراچی۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پشاور سانحہ کے بعد جہاں ساری دنیا نے معصوم بچوں کی ہلاکت پر غم اور دہشت گردوں کے خلاف غصہ کا اظہار کیا ہے وہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھی پشاور آرمی اسکول کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کا آخری مقابلہ کھیلنے کی تیاری میں مصروف تھیں اور مقابلہ کے آغاز سے قبل کہا گیا ہیکہ وطن واپس ہونے کے بعد ٹیم کے کھلاڑی پشاور آرمی اسکول کا دورہ کریں گے ۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کو اسپانسر کرنے والی کمپنی ہائر پاکستان کے سی ای او مسٹر جاوید آفریدی نے کہا کہ سانحہ کے بعد اسکول کے طلبہ ذہنی دباؤ میں ہے جبکہ پاکستان میں کرکٹ کو جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے اور آرمی اسکول کے کئی طلبہ پاکستانی ٹیم کے مختلف کھلاڑی کے مداح بھی ہیں لہٰذا جب وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اس مشکل وقت اپنے اسکول میں دیکھیں گے تو انہیں کسی قدر راحت محسوس ہوگی کہ کھلاڑی بھی بری وقت ان کے ساتھ ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بھی اہم ہیکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر شدید تنقید اس لئے کی جارہی ہے کہ پشاور آرمی اسکول سانحہ کے بعد بھی اس نے پاک ۔ نیوزی لینڈ چوتھا ونڈے ملتوی نہیں کیا ہے۔ یاد رہے آرمی اسکول پر دہشت گرد حملہ کی وجہ سے 141 افراد موت کی نیند سو گئے جس میں 132 معصوم طلبہ بھی شامل ہیں۔