پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف

کراچی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنے اہم ترین اسپنر پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ سعید اجمل کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہا ہے۔ لیکن ٹیم کے کوچ وقار یونس ورلڈ کپ کیلئے اجمل کی موجودگی یا عدم موجودگی کے ساتھ ہی منصوبہ اور تیاریوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ وقار یونس نے اس ضمن میں کہا کہ جو کچھ ہوا ہے وہ بدقسمتی ہے اور سعید اجمل پر پابندی عائد ہونا ٹیم کیلئے ایک بڑا دھکہ ہے لیکن ہمیں سعیداجمل کی دستیابی یا عدم دستیابی دونوں صورتوں میں ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ وقار یونس کے بموجب وہ جانتے ہیں کہ سعیداجمل بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کیلئے اپنے بولنگ ایکشن کو ثقلین مشتاق کے ساتھ بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کررہے ہیں اور امید ہیکہ اس کا آف اسپنر کے علاوہ ٹیم کو بھی فائدہ ہوگا۔ یاد رہے کہ 36 سالہ سعید اجمل پر آئی سی سی نے اس وقت پابندی عائد کردی جب آسٹریلیائی شہر برسبین میں ان کے بائیو میکانک معائنہ کے نتائج حاصل ہوئے جس میں آئی سی سی کی جانب سے مقررہ کردہ 15 ڈگری کے زاویہ سے سعیداجمل کا ہاتھ کافی باہر ہے۔