برسبین۔2 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پشقدمی کے لئے ہمیں تما م مقابلوں میں فتوحات ناگزیر ہوچکی ہے۔موجودہ صورتحال ہمارے لئے ناک آؤٹ مرحلہ بن گئی ہے ہم مزید شکست کے متحمل نہیں ۔اگلے میچوں میں ایسی تبدیلی کریں گے جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔ پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ کے لئے وکٹ اور حالات دیکھ کر ٹیم کھلانے کا فیصلہ کریں گے۔تاہم بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر تشویش ہے۔ہنوز بیٹنگ لائن مشکل میں رہی اور بمشکل235رنز بناسکے۔بڑی بولنگ لائن اپ کے خلاف ایسی کارکردگی سے کام نہیں چلے گا۔وہاب ریاض کی کارکردگی بہت اہم تھی ان کی بیٹنگ کے بغیر دباؤ نہیں بن سکتا تھا۔مصباح الحق نے کہا کہ فاسٹ بولروں نے بہت اچھی بولنگ کی۔برینڈن ٹیلر کی وکٹ کے بعد ہم نے انہیں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ جیت کا تما م تر سہرا بولروں کو جاتا ہے۔عرفان ،وہاب ریاض نے میچ وننگ اسپیل کئے۔تاہم اعتماد کی بحالی اور اگلے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے ٹاپ آرڈر کو مضبوط کرنا ہوگا۔ہمارے بیٹسمین بہتر آغاز کے بعد اپنی وکٹ گنوادیتیہیں۔پوری ٹیم اس شاندار جیت کی مستحق ہے لیکن بولروں نے اچھی بولنگ کی۔انہوں نے کہاکہ بیٹنگ لائن کو پریکٹس اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے بہت مواقع ملے ہیں۔تاہم ورلڈ کپ میں امیدوں کو برقرار رکھنے کے لئے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔مصباح نے کہا کہ ہمارے پاس اس میچ میں واحد حل جارحانہ بولنگ تھی۔ہم سرفراز کو کھلانا چاہتے تھے۔لیکن بیٹنگ مسائل کی وجہ سے انہیں موقع نہیں مل سکا ہے۔سلیکشن میں مشکل صورتحال ہے۔حکمت عملی کے تحت زاید بولر کو کھلایا ہے۔یاسر شاہ کو کھلانا چاہتے تھے لیکن ہمیں علم تھا کہ زمبابوے کے بیٹسمین اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں۔