پاکستانی ٹیم میدان صاف کرتی رہی

لاہور۔20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دورۂ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے پاکستانی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے جہاں کپتان سرفراز احمد نے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو گراؤنڈ کی صفائی کے لیے وہاں موجود بوتلیں اٹھانے کی ہدایت دے کے نئی روایت قائم کردی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ میں اس وقت دلچسپ مناظر دیکھنے کو ملے جب سرفراز نے کھلاڑیوں کو میدان میں جمع کچرا اٹھانے کی ہدایت دی اورسینئر و جونیئر کی تقسیم سے بالاتر ہو کر تمام ہی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں موجود بوتلوں کو کچرے دان تک پہنچایا۔عام طور پر یہ کام جونیئر کھلاڑی انجام دیتے تھے لیکن سرفراز احمد نے خود میدان میں جمع بوتلیں اٹھائیں جس کے بعد ان کی تقلید کرتے ہوئے ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑی محمد عامر اور اظہر علی سمیت نوجوان بابر اعظم اور امام الحق نے بھی بوتلوں کو جمع کر کے کچرے دان میں ڈالا۔