لاہور ۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ایشیا کپ کیلیے 16 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ اسکواڈ سے محمد حفیظ اور عماد وسیم کو خارج کر دیا گیا۔لاہور میں سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کوچ اور کپتان سے مشاورت کے بعد 16 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا، اسکواڈ سے محمد حفیظ اور عماد وسیم کو خارج کر دیا گیا ہے جب کہ شان مسعود کو تیسرے اوپنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔16 رکنی اسکواڈ میں امام الحق، فخرزمان، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 15 ستمبر کو یو اے ای میں شروع ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلیں گے جبکہ 19 ستمبر کو روایتی حریف ہندوستان سے مقابلہ مقرر ہے۔ایشیا کپ کے لیے ٹریننگ کیمپ میں ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹسٹ مکمل ہوئے اور کپتان سرفراز احمد کیریئر کے بہترین فٹنس پر پہنچ گئے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم ٹسٹ میں ناکام ہوگئے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کیمپ کے دوران لیے گئے اس فٹنس ٹسٹ میں کامیابی کے نشانات 17.4 مقرر کیے گئے تھے جسں میں اکثر کھلاڑی ناکام رہے۔ذرائع کے مطابق ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کیریئر کا بہترین فٹنس حاصل کیا اور ان کا اسکور 18.4 رہا جبکہ حسن علی 20 نشانات کے ساتھ سب پر بازی لے گئے۔فاسٹ بولر جنید خان نے بھی فٹنس ٹسٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور وہ بہترین فٹنس کے ساتھ سرفہرست 3 کھلاڑیوں میں شامل ہوئے۔تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک کے ساتھ شان مسعود، بابر اعظم، حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے فٹنس ٹسٹ کامیاب کیا۔