لاہور۔28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)سرفراز احمد کی قیادت میں 14 رکنی پاکستانی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے لاہور سے روانہ ہوگئی جبکہ شاداب خان نیوزی لینڈ میں ہی ٹیم میں شامل ہوں گے۔لاہور سے روانہ ہونے والی 14 رکنی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس شامل ہیں۔خیال رہے کہ شاداب خان آسٹریلیا میں ہونے کے باعث ٹیم کے ساتھ نہ جاسکے تاہم وہ نیوزی لینڈ میں ہی ٹیم میں شامل ہوں گے۔کپتان سرفرازاحمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دورے میں بہترین کارکردگی کی توقع ظاہر کی اورکہاکہ اہم بولروں کی عدم موجودگی میں محمد عامر اور حسن علی کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے اور امید ہے کہ یہ دونوں نیوزی لینڈ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر پابندی لگنا بھی ایک نقصان ہے لیکن امید ہے کہ پی سی بی کی ٹیم ان کے بولنگ ایکشن پر کام کرکے اسے درست کروانے میں کامیاب ہوجائے گی اور ہم نیوزی لینڈ میں محمد حفیظ کا خلا شعیب ملک سے بولنگ کرواکر پُرکریں گے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ونڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ ویلنگٹن میں 6 جنوری کو ہوگا، دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن، تیسرا میچ 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا میچ 16 جنوری کو ہملٹن جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔