پاکستانی ٹیم ایشیا کپ کیلئے بنگلہ دیش روانہ

لاہور۔22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم دبئی کے راستہ بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہو گئیاور وہ ایشیا کپ کا اپنا پہلا میچ 25 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلی گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان مصباح الحق کی قیادت میں گزشتہ رات دبئی کے راستے بنگلہ دیش روانہ ہوئی۔ کھلاڑیوں نے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو نہیں کی لیکن کرکٹ کیمپ کے اختتام پر مصباح الحق نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھی اچھا کھیلیں گے اور ہندوستان سے میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے اور کامیابی کے لیے ایک دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کر رہیجبکہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں ہی شعبہ بہتر مظاہرے کررہے ہیں۔

ایشیا کپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، ہندوستان اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ دفاعی چیمپین پاکستان اپنا پہلا میچ 25 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2 مارچ کو میرپور میں ہو گا۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے مزید کہا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے منتخب ٹیم متوازن ہے ۔ قذافی اسٹیڈیم میں کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ مظاہرے سب کے سامنے ہیںاور ایشیا کپ میں بھی بہتر کھیلے گی۔مصباح نے کہاکہ جیت کے لیے ایک دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کر رہے،اچھی بات یہ ہے کہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں چل رہی ہیں۔کپتان نے کہا کہ بنگلا دیش کی ٹیم گھریلو حالت اور وکٹوںپر خطرناک حریف ہے اور ہندوستان سے میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔اپنی سبکدوشی سے متعلق سوال پر مصباح نے جواب دیا کہ وہ جب تک فٹ ہیں کھیلتے رہیں گے۔

آسٹریلیا کیخلاف جنوبی افریقہ کا مستحکم موقف
پورٹ ایلزیبتھ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں جنوبی افریقہ نے مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 246 رنز تک محدود رکھتے ہوئے پہلی اننگز میں 177 رنز کی بہتر سبقت حاصل کرلی۔ تادم تحریر جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 20 اوورس کے کھیل کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز اسکور کرتے ہوئے مقابلہ میں مجموعی طور پر 268 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ ہاشم آملہ 39 اور ڈوپلیسیس 19 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ دریں اثناء مچل جانسن نے 34 رنز اور پیٹرسیڈل نے 23 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔