پاکستانی ٹیم اور کپتان پر پھر جرمانہ

دبئی۔4 جون(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں بھی سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم کو جرمانہ کر دیا۔ ٹیم پر 30 فیصد اور کپتان سرفراز احمد پر60 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔لارڈز ٹسٹ میچ میں فاسٹ بولروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو پہلے ٹسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی ، سلو اوور ریٹ پر وہاں بھی ٹیم کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آئی سی سی کے مطابق پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے ٹسٹ میں مقررہ وقت سے 3 اوورز پیچھے رہی جس کی وجہ سے میچ ریفریز نے پوری ٹیم پر جرمانہ عائد کیا۔کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 60 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں پر 30، 30 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق فی اوور کے لحاظ سے کھلاڑی پر 10فیصد اور کپتان پر اس سے دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ اس پابندی کے ساتھ ہی سرفراز پر پابندی کا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے اور اگر 12 ماہ کے دوران پاکستانی ٹیم نے دوبارہ سلو اوور ریٹ کے جرم کا ارتکاب کیا تو کپتان سرفراز احمد کو ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔