پاکستانی وزیر اعظم کو بھی ورلڈ الیون کے میچز دیکھنے کی دعوت

لاہور۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ورلڈ الیون اور پاکستانی ٹیم کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے قذافی اسٹیڈیم آنے کی دعوت دی ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے بورڈز کے کچھ سربراہان بھی میچز دیکھنے کیلئے لاہور آئیں گے جو پاکستان اور آئی سی سی ورلڈ الیون کے درمیان ہونے والے میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔خیال رہے کہ فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آئی سی سی ورلڈ الیون رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ پاکستان ٹیم کے خلاف بین الاقوامی حیثیت کے حامل 3 ٹوئنٹی20 مقابلوں پر مشتمل سیریز و آ زادی کپ‘ میں حصہ لے گی۔آزادی کپ کے میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

 

میرے ریکارڈس توڑنا آسان نہیں:بولٹ
ٹوکیو۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جمیکا کے اسٹار ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے اپنے ورلڈ ریکارڈز نہ ٹوٹنے کی پیش قیاسی کردی ہے اورکہا ہے کہ آئندہ 20 سال تک ان کے قائم کردہ ریکارڈز تک کوئی نہیں پہنچ سکے گا اور انہیں ایتھلیٹکس سے سبکدوشی پر کسی دباؤ کا سامنا نہیں ہے۔ایک تشہری تقریب میں انہوں نے کہا کہ ان کا دور یوہان بلیک، جسٹن گیٹلن اور اسافہ پاول پر مشتمل ہے جو اپنے عہد کے بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اگر ان کے ریکارڈز کو چکنا چور کیا جائے گا تو ایسا پندرہ ،بیس یا پھر زائد سال میں ممکن ہوسکے گا۔