لاہور۔9اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی سلیکٹروں نے ابتدائی فہرست تیار کرلی ہے تاہم حتمی انتخاب سے قبل مزید کچھ نام زیر غورآ سکتے ہیں۔ ذرائع کے بموجب 18پلیئرز پر مشتمل فہرست میں پاکستان کپ کے کامیاب کھلاڑیوں کو بھی شامل کئے جانے کی توقع ہے لیکن اس بارے میں رواں ہفتے اجلاس میں سلیکٹرز،کپتان اور ہیڈکوچ فیصلہ کریں گے ۔ وہاب ریاض اور عمر اکمل سمیت بعض کھلاڑیوں کیلئے خوش خبری کا امکان پیدا ہو سکتا ہے ،دوسری جانب چیف سلیکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز ٹیم کی کارکردگی کا حقیقی عکس قطعی نہیں تھی۔ اسکواڈ میں اوپننگ کے علاوہ فاسٹ بولنگ شعبے میں بھی ایک ،دو مقامات بدستور خالی ہیں لہٰذا پاکستان کپ میں بہترین کارکردگی کے مالک کچھ ناموںکو زیر غور لایا جا سکتا ہے جس کے بعد رواں ہفتے حتمی کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے چیف سلیکٹر،ہیڈ کوچ اور کپتان کا مشترکہ اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے کئے جا سکتے ہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف حالیہ ونڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کلین سویپ ناکامی کو موجودہ ٹیم کی کارکردگی اور اہلیت کا عکس قطعی نہ سمجھا جائے ،انہیں پورا بھروسہ ہے کہ آرام کرنے والے پلیئرز کی واپسی پر پاکستان کا اسکواڈ بہترین انداز سے تشکیل دیا جا سکے گا جو ایونٹ کے پسندیدہ ٹیموں میں سے ایک ہوگا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستان کو 5-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی لیکن اس سیریز میں پاکستانی بیٹسمینوں نے 5 سنچریاں اسکور کی ہیں اور اسے بیٹنگ کوچ فلاور نے خوش آئند قرار دیا ہے۔