پاکستانی نژاد معین علی انگلینڈ کی ٹسٹ ٹیم میںشامل

لندن ، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اور ویلز (ای سی بی) کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف 12 جون سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ای سی بی نے پہلی بار تین نئے کھلاڑیوں کرس جارڈن، سیم رابسن اور معین علی کو ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پاکستانی نژاد معین علی اس سے پہلے انگلینڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔ برمنگھم میں پیدا ہونے والے معین ووسٹرشائر کیلئے کھیلتے ہیں۔ وہ مڈل آرڈر بلے باز اور آف اسپن بولر ہیں۔ معین کو گزشتہ سیزن عمدہ کارکردگی پر پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ’پلیئر آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیاگیا تھا۔

فیفا رینکنگ: برازیل تیسرے نمبر پر، اسپین سر فہرست
زیورخ، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ چمپئن اسپین اور جرمنی فیفا کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ پانچ مرتبہ کی ورلڈ چمپئن برازیلی ٹیم ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی جبکہ پرتگال تنزلی کا شکار ہو کر چوتھے، ارجنٹائن اور سوئٹزر لینڈ کی ٹیمیں دو، دو درجے ترقی پا کر بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ انگلش ٹیم ایک درجے ترقی پا کر ٹاپ 10 میں شامل ہونے میں کامیابی ہوئی۔ پاکستانی ٹیم پانچ درجے تنزلی کے بعد 164 ویں نمبر پر آ گئی۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے بیسویں ورلڈ کپ سے قبل آخری رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق دفاعی چمپئن اسپین کی ٹیم مسلسل چوتھے سال پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ جرمنی کی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ 2014 ورلڈ کپ کی فیورٹ برازیلین ٹیم نے پرتگالی ٹیم کی پوزیشن پر قبضہ جما لیا اور ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔