اسلام آباد ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) 22 سالہ عثمان (اصل نام نہیں) کے لیے اپنے آبائی ملک چین میں ماہ رمضان میں روزے رکھنا، تراویح اور نماز کی ادائیگی اتنا آسان نہیں لیکن کراچی میں وہ یہ مذہبی فرائض بغیر کسی روک ٹوک کے ادا کر رہے ہیں۔چین میں مسلمانوں کو مذہبی آزادی حاصل نہیں، کئی علاقوں میں رواں سال بھی رمضان میں روزے رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنٹسی انٹرنیشنل نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک سے آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے۔عثمان کراچی کے ایک مدرسے میں زیرِ تعلیم ہیں۔ پاکستان کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے ملک کے مدارس میں غیر ملکی طلبا کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی لیکن اب یہ سلسلہ بحال ہوگیا ہے۔