نئی دہلی 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ہدایت دی کہ جو لوگ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں پاکستان کی شلباری کی وجہ سے بے گھر ہوگئے ہیں، اُنھیں مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معاوضہ کی تفصیلات کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہدایت دی ہے کہ جو عوام جموں و کشمیر کے سرحدی دیہاتوں میں پاکستان کی تباہ کن شلباری کی وجہ سے بے گھر ہوگئے ہیں۔ اُنھیں مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔ تقریباً 30 ہزار افراد جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں بے گھر ہوگئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے یکم اکٹوبر سے جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے۔ 2003 ء کے بعد پہلی بار اتنی بدترین خلاف ورزی دیکھی جارہی ہے۔ پاکستانی فوجیوں نے 130 دیہاتوں اور 7 سرحدی چوکیوں کو 8 اور 9 اکٹوبر کی درمیانی رات جموں، سانبا اور کٹھوا میں شلباری کا نشانہ بنایا۔ آج سرحد پر فائرنگ جاری تھی لیکن اِس بار دشمن کی چیخیں سنائی دے رہی تھیں۔ ہمارے فوجیوں نے جارحانہ کارروائی کا جرأت کے ساتھ جواب دینا شروع کردیا ہے۔ نریندر مودی نے مہاراشٹرا میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ پریس کانفرنس میں سرحد کی صورتحال کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ جلد ہی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔