پاکستانی شائقین کا جذبہ بے مثال : مصباح

لاہور۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران شائقین کا جذبہ بے مثال اور قابل دید رہا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے بجائے ایسا محسوس ہواکہ ٹیم بس اپنا ایک نیا میچ کھیل رہی ہے۔ مصباح نے کہا کہ ’’میں نے اس طرح کا ماحول صرف ہندوستان میں دیکھا ہے۔ میں نے اس طرز کی تائید و حمایت پہلے کبھی نہیں دیکھی جہاں شائقین لطف اندوز ہو رہے تھے اور ٹیم کی جانب سے اسکور کئے گئے ہر رن پر داد دے رہے تھے‘‘۔ مصباح نے کہا کہ گزشتہ چھ سال کے دوران پاکستان اپنی سرزمین پر انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکا اور ٹیم نے اپنی سرزمین پر کھیلنے کے فائدے سے محرومیت کو محسوس کیا۔