پاکستانی سلیکٹرز کو ورلڈ کپ اسکواڈ کے انتخاب میں مشکلات

کراچی ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نیشنل کرکٹ ٹیم سلیکٹرز کو آنے والے ورلڈ کپ کیلئے قطعی 15 رکنی اسکواڈ کے انتخاب میں سخت شش و پنج کا سامنا ہے، جبکہ یہ اعلان طئے شدہ پروگرام کے مطابق 7 جنوری کو کراچی میں کیا جانا ہے۔ اُن کا مخمصہ حالیہ تبدیلیوں کے سبب ہے جنھوں نے کلیدی کھلاڑیوں پر اثر ڈالا ہے اور اب کراچی میں جاری پنٹگولر کپ ونڈے ٹورنمنٹ میں بھی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ سلیکٹرز کے قریبی ایک ذریعہ نے کہا، ’’اصل مسئلہ یہ ہے کہ آیا بعض سینئر کھلاڑیوں پر دوبارہ اعتماد کرتے ہوئے انھیں منتخب کرلیا جائے، یا پھر پیس بولر عمر گل کی فٹنس کا جوکھم مول لیا جائے۔ نیز محمد حفیظ کو خالص بیٹسمن کے طور پر کھلانا بھی ایک اہم فیصلہ ہوسکتا ہے بشرطیکہ انھیں آئی سی سی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کی اجازت نہ دی جائے‘‘۔ خارج آل راؤنڈ اور سابق کپتان شعیب ملک بھی ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ سلیکٹرز کیلئے اہم موضوع بن چکے ہیں، کیونکہ انھوں نے پریس کانفرنس میں سلیکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد پنٹگولر کپ میں اپنی خیبر پختونخوا ٹیم کیلئے دو میچ وننگ ہاف سنچریاں بنائیں اور کچھ معقول بولنگ بھی کی۔ شعیب نے اس ٹورنمنٹ کی شروعات سے قبل واضح کردیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کیلئے دستیاب ہیں۔ لیکن سلیکٹرز کو یہ دیکھنا ہے کہ اُن کی بیٹنگ پوزیشن کیا ہوگی اور انھیں ورلڈ کپ سے قبل کتنا وقت ملے گا۔