انٹورپ (بلجیم)۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) رمن دیپ سنگھ نے دو عمدہ گول اسکور کیئے جبکہ کٹر حریفوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ورلڈ لیگ سیمی فائنلس میں آج یہاں کے ایچ سی ڈراگنس اسٹیڈیم میں منعقدہ برصغیر کا زبردست ہاکی مقابلہ سنسنی خیز مسابقت کے بعد 2-2 سے ڈرا ہوگیا۔ ایشین گیمس چمپئنس ہندوستان کو میچ کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول اسکور کرنے کا موقع حاصل ہوتا نظر آیا جب ان کے اسٹرائکرس نے آخری تین منٹ میں حریفوں کے گول پوسٹ پر تین حملے کئے لیکن کافی تیز کھیل والے اس مقابلے میں آخرکار کوئی بھی فاتح نہ رہا۔ 13 ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کرنے کے بعد رمن دیپ نے آخرکار 39 ویں منٹ میں اسکور برابر کرنے والا گول بھی بنایا جبکہ پاکستان کی طرف سے کپتان محمد عمران نے دونوں گول اسکور کئے۔ عمران کے گول 28 ویں منٹ اور 37 ویں منٹ میں بنائے گئے۔ ہندوستانی دفاع نے کافی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن کہیں کہیں غلطیاں بھی سرزد ہوئیں جس کا پاکستان میں اس مقابلہ میں فائدہ اٹھایا جو چمپئنس ٹرافی سیمی فائنلس کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ثابت ہوا۔ انڈین ہاکی کوچ پال وان ایس نے اس انداز پر اطمینان ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم نے تیز کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ ڈرا کرایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ انہیں بالخصوص رمن دیپ کے مظاہرے پر مسرت ہوئی جنہوں نے دونوں گول بنائے۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کچھ بھی تلخی نظر نہیں آئی جبکہ دونوں کے بھوبنیشور میں منعقدہ آخری میچ میں کشیدہ ماحول دیکھنے میں آیا تھا۔