ہمبنٹوٹا، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک روزہ کرکٹ میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ 80 سنچریاں بننے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ونڈے کرکٹ میں اپنا نیا منفی ریکارڈ بنا دیا۔ او ڈی آئی کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ سنچریاں 2014ء میں بنیں جب بلے بازوں نے 79 بار 100 کا ہندسہ پار کرنے کا اعزاز حاصل کیا لیکن کوشل سلوا کی سنچری کے ساتھ 2015ء میں یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ اس سال اب تک بیٹسمنوں نے بولروں کی خوب درگت بناتے ہوئے 80 سنچریاں اسکور کئے ہیں جبکہ ابھی سال کے کم از کم پانچ ماہ باقی ہیں۔ اس لئے توقع ہے کہ پہلی مرتبہ کسی سال میں 100 سنچریاں بھی بن سکتی ہیں۔ دوسری جانب میچ میں پاکستان نے بدترین بولنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ میچ کے دوران پاکستان کے چار بولز محمد عرفان، انور علی، راحت علی اور یاسر شاہ نے 70 سے زائد رنز دیئے۔ راحت نے 74 ، عرفان اور یاسر نے فی کس 73 جبکہ انور نے 71 رنز کی پٹائی برداشت کی۔ یہ ونڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے چار بولروں نے 70 سے زائد رنز دیئے ہیں۔ اس میچ میں سری لنکا نے 369 رنز کا اسکور بنایا جو سری لنکا کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا ونڈے اسکور ہے۔ پاکستان کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سے رنز بنانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کو حاصل ہے جس نے 2007 ء میں سنچورین کے مقام پر 392 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔