پانی کے کھڈ میں گرنے سے تین کمسن بچوں کی موت

حیدرآباد 14 فبروری (سیاست نیوز) پیٹ بشیرآباد کے علاقہ میں پیش آئے المناک واقعہ میں تین کمسن طلباء ایک پانی کے کھڈ میں مشتبہ طور پر غرقاب ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کومپلی علاقہ کے ساکنان یہ تین کمسن لڑکے کل اسکول کے لئے گھر سے نکلے تھے جو اسکول نہیں پہونچے اور نہ ہی گھر واپس ہوئے۔ پریشان حال والدین نے پولیس سے رجوع ہوکر مسئلہ کو پیش کیا۔ تاہم آج دوپہر ان بچوں کی نعشوں کو ایک علاقہ کے کھڈ سے دستیاب کرلیا جو چھوٹے تالاب جیسا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 13 سالہ شرون کمار عرف چنٹو جو آٹھویں جماعت 14 سالہ نکھل جو آٹھویں جماعت کے علاوہ 13 سالہ اندراجیت ساتویں جماعت کا طالب علم تھے ، تینوں کومپلی علاقہ کے ساکنان تھے، ایک ہی اسکول شیوا شیوانی اسکول میں زیرتعلیم تھے، ان تینوں میں شرون کمار اور نکھل دونوں آپس میں رشتہ دار بتائے گئے ہیں۔ ان تینوں کا ایک ساتھ اسکول جانا روزانہ کا معمول تھا اور کل بھی تینوں ایک ساتھ اسکول کیلئے نکلے تھے۔ پولیس نے آج اس علاقہ میں پانی کے کھڈ سے ان بچوں کی نعشوں کو برآمد کرلیا۔ پانی کے اس کھڈ کے قریب بچوں کے اسکول بیاگس اور ٹفن موجود تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔