پانی کی قلت کے خلاف خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاجی ریالی

چیف منسٹر کے سی آر ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے، صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل یادو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی مسٹر انیل کمار یادو کی قیادت میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے گنیش چوک سے خیریت آباد واٹر ورکرس کے ہیڈ آفس تک پانی کی قلت کے خلاف خالی گھڑوں سے احتجاجی ریالی منظم کی۔ چیف منسٹر ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگائے گئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر انیل کمار یادو نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے گھر گھر پانی اور برقی دونوں پہنچانے کا وعدہ کیا۔ عوام نے ٹی آر ایس پر بھروسہ کیا۔ 150 کے منجملہ 99 بلدی ڈیویژنس پر کامیاب بنایا۔ انتخابات کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے اپنے وعدے سے انحراف کیا۔ آج گریٹر حیدرآباد میں چاہے وہ پرانا شہر ہوکہ یا نیا شہر یا شہر کے اطراف و اکناف کے علاقے ہر جگہ پینے کے پانی کی قلت پائی جاتی ہے۔ 4 تا 5 دن میں ایک مرتبہ تھوڑی دیر کیلئے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ عوام کو پانی کی قلت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے پینے کے پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے کوئی متبادل انتظامات نہیں کئے۔ نہ ہی نئے بورویلز تنصیب کئے گئے اور نہ ہی ٹینکرس سے پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ٹینکرس سے سربراہ ہونے والے پانی میں کئی بے قاعدگیاں منظرعام پر آرہی ہے۔ پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ وزارت بلدی نظم و نسق کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کیلئے 100 دن کا پلان تیار کرنے کے ٹی آر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا تھا لیکن ابھی تک کوئی پلان تیار نہیں کیا گیا۔ حکومت تلنگانہ نے جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں کامیابی کیلئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ پانی کی قلت سے عوام پریشان ہیں لیکن حکومت پانی کی قلت کو دور کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے جس کے خلاف یوتھ کانگریس نے خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر سابق کارپوریٹرس مسٹر ایس محمد واجد حسین اور مسٹر محمد شریف کے علاوہ یوتھ کانگریس کے سینکڑوں کارکن موجود تھے۔