کانپور ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) تماشائیوں کی گڑبڑ جس نے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل منعقدہ کٹک کو متاثر کیا، اس پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے کانپور پولیس نے شائقین کو یہاں 11 اکٹوبر کو پہلے ونڈے میچ میں پانی کی بوتلیں اور ٹفنس ساتھ لانے سے منع کردیا ہے۔ کٹک میں کراؤڈ کے اجڈ رویہ کے نتیجے میں اُس میچ میں ایک دو اسٹانڈز خالی کرا دیئے گئے۔ وہ میچ جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے جیتا۔ کٹک کے واقعہ نے کانپور نظم و نسق کو احتیاطی اقدامات اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے، جن میں اسٹانڈز کے روبرو 10 فیٹ کی جال لگانا شامل ہے تاکہ یقینی ہوجائے کہ تماشائیوں کی پھینکی گئی کوئی شئے میدان تک نہ پہنچنے پائے۔ کانپور ایس ایس پی شلبھ ماتھر نے کہا کہ یہاں اسٹیڈیم میں واٹر باٹلس، ٹفنس اور کوئی بھی دھاتی شئے اندر لیجانے کی اجازت نہ ہوگی۔