حیدرآباد /20 مئی ( سیاست نیوز ) غیر مجاز طور پر پانی کا کاروبار کرنے اور کمسن بچوں سے مزدوری کا کام لینے والوں کے خلاف سائبرآباد پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے ۔ آج مائیلاردیوپلی پولیس حدود میں دھاوا کرتے ہوئے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے اس کارروائی میں 6 کمسن بچوں کو مزدوری سے آزاد کروالیا ۔ پولیس نے کمسن بچوں کو مزدوری کیلئے شہر منتقل کرنے والے ایک گتہ دار کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔ انسپکٹر و نیلادیوپلی مسٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ کنگس کالونی ، رشید کالونی کے علاقوں میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی انجام دی ۔ ان علاقوں میں بچہ مزدوری کی اطلاعات پولیس کو موصول تھیں ۔ پولیس نے ایکوا شائین اور ایکو امرت نامی دو اداروں پر دھاوا کیا اور ان کے مالکین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ پولیس نے کل 16 افراد کو گرفتار کرکے حراست میں لیا تھا تاہم 6 بچے کمسن پائے گئے ۔ جنہیں چائیلڈ ہوم منتقل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایکوا شائن کے مالک کمل کشور ڈاگے اور ایکو امرت کے مالک گویند راؤ کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گتہ دار ونود جو ریاست بہار سے کمسن بچوں کو مزدوری کیلئے شہر منتقل کرتا ہے ۔ پولیس اس کے خلاف بھی سخت کارروائی کرے گی ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ پینے کے پیاکٹس تیار کرنے والے ان افراد کے یہاں کسی قسم کا کوئی لائیسنس نہیں تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔