پانی زیادہ پی کر ہونٹوں کو پھٹنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ انسانی جسم میں پانی کی کمی کے جہاں بہت سے نقصا ن ہوتے ہیں وہیں اس سے ہونٹ بھی پھٹنے لگتے ہیں۔ ہونٹ ہمارے چہرے کا بہت نازک حصہ ہوتے ہیں جنہیں خوبصورت اور نرم و ملائم رکھنے کیلئے کافی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ شخصیت کی خوبصورتی اور نکھار میں جہاں دیگر باتوں کا عمل دخل ہے وہیں باریک اور خوبصورت ہونٹ بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ موسم کی شدت ہونٹوں پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہے اور اس سے چہرے کا حُسن ماند پڑجاتا ہے۔ ہونٹ پھٹنے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں۔ وٹامنز کی کمی کی وجہ سے بھی ہونٹ پھٹ جاتے ہیں جبکہ اکثر جسم میں نمی کی کمی ہونے پر بھی ہونٹ پھٹ جاتے ہیں۔ نمی کی کمی دور کرنے کیلئے پینے والی اشیاء میں اضافہ کریں۔ ہر روز دس بارہ گلاس پانی، پھلوں کا رس اور سبزیوں کا جوس پئیں۔ ان سے آپ کے جسم میں ضروری وٹامنز منتقل ہوں گے اور نمی کی کمی پوری ہوجائے گی۔