پانڈیا کی کمزوری کو بھونیشورکمار نے دنیا کے سامنے لادیا

ممبئی ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے سبھی ٹیمیں تیاری کر رہی ہیں۔ ہندوستان نے بھی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا تھا جن میں ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی ابھی آئی پی ایل کھیل رہے ہیں۔ ان سب کے درمیان ہندوستانی ٹیم زبردست فام میں موجود ہاردک پانڈیا کو لے کر فکرمند ہے۔ پانڈیا ڈیتھ اوور میں ٹیم کے لئے پاور ہٹر کا رول نبھاتے ہیں اور ان کی کوئی بھی کمزوری ٹیم کے لئے مصیبت بن سکتی ہے۔ پچھلے میچوں میں دھماکہ داربیٹنگ کرنے والے پانڈیا کی کمزوری ٹیم کے ساتھی کھلاڑی بھونیشورکمار نے ہی ظاہرکردی۔ ممبئی کے حیدرآباد کے خلاف میچ میں15 ویں اوور میں بیٹنگ کر رہے پانڈیا کے حالیہ فارم کو دیکھ کر ٹیم کو بڑی اننگز کی امید تھی لیکن بھونیشور کی شارٹ لینتھ گیند پر وہ پھر چوک گئے اور لانگ آف پر نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جو کہ ہندوستان ٹیم انتظامیہ کے لئے لمحہ فکر ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو شارٹ گیندیں کھیلنے میں دقت ہوتی ہے۔