پانڈیا کی آسٹریلیاکے خلاف تیسرے ٹسٹ میں شمولیت؟

نئی دہلی ۔17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے آل راونڈر ہاردک پانڈیا زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے دورے کیلئے منتخب نہیں کئے گئے تھے لیکن اب وہ فٹ ہوگئے ہیں اور ایسی خبریں ہیں کہ پرتھ ٹسٹ کے بعد وہ آسٹریلیا جاسکتے ہیں۔ ہاردک پانڈیا ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم پر بڑودہ کیلئے رانجی ٹرافی کھیل رہے ہیں ، جہاں انہوں نے گیند اور بیٹ سے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔پانڈیا نے پانچ وکٹ لینے کے ساتھ شاندار نصف سنچری بھی بنائی۔ ذرائع کے مطابق ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں سلیکٹر شرندیپ سنگھ بھی موجود تھے۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد انہوں نے ہاردک پانڈیا سے بات چیت بھی کی۔ ذرائع کے مطابق پانڈیا نے سلیکٹر سے کہا تھا کہ رانجی ٹرافی میں ان کی فٹنس پر توجہ دی جائے گی۔ ہاردک پانڈیا رانجی ٹرافی میں دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد روزانہ سلیکٹر سے بات کرتے رہے۔ پانڈیا نے اب اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تو ایسے میں خبریں ہیں کہ سلیکٹرس ٹیم مینجمنٹ سے پانڈیا کے انتخاب پر بات کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ہندوستانی ٹیم کوآسٹریلیا میں ہاردک پانڈیا کی کمی کا کافی احساس بھی ہورہا ہے۔ خود کوہلی تسلیم کرچکے ہیں کہ ہاردک پانڈیا کے نہ ہونے سے ٹیم کا توازن تھوڑا بگڑ گیا ہے۔ پرتھ ٹسٹ میں ٹیم چار مخصوص فاسٹ بولر کے ساتھ اتری اگر پانڈیا ہوتے تو چوتھے فاسٹ بولر کا وہ خود رول ادا کرسکتے تھے اور ایک مخصوص اسپنر کو ٹیم میں شامل کیا جاتا ۔