پانچ ہندوستانی کھلاڑی ٹیم میں واپسی کیلئے پر عزم

ممبئی ، 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر کرکٹ لیگ (آئی پی ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں پانچ ہندوستانی کھلاڑی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کیلئے پر امید ہیں۔ یووراج سنگھ، گوتم گھمبیر، وریندر سہواگ، ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ کے پاس ہندوستانی ٹیم میں کم بیک کرنے کا یہ آخری موقع ہو گا۔ پانچوں کرکٹرز آئی پی ایل ایٹ کو ٹیم میں واپسی کیلئے ایک سیڑھی کے طور پر استعمال کرنے کے خواہاں ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ کونسے کھلاڑی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ پانچوں کرکٹرز نے 2011ء￿ میں منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو 28 برس بعد چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اس کے بعد ان کرکٹرز کو ناقص فارم اور کارکردگی کی بناء￿ پر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا اور رواں برس منعقدہ ورلڈ کپ کیلئے بھی انہیں سکواڈ سے نظر انداز کیا تھا۔ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ ٹیم سے دوری ان کیلئے بہت تکلیف دہ ہے اور وہ اس بار لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے دوبارہ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر لیں گے تاہم اگر یہ کرکٹرز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوئے تو انہیں ہمیشہ کیلئے ہندوستانی ٹیم سے دوری کا سامنا کرنا پڑے گا۔