پانچ ریاستوں میں شکست کے بعد مودی کو کسان یاد آئے : کانگریس

نئی دہلی 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر جوابی تنقید کی اور کہا کہ پانچ ریاستوں میںہوئی انتخابی شکست کے بعد مودی کو کسان یاد آئے ہیں۔ کانگریس ترجمان آر پی این سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی واضح کیا کہ جب تک کسانوں کے قرض معاف نہیں کئے جاتے اور انہیں تمام تر سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں نہ ان کی پارٹی سوئے گی اور نہ وزیر اعظم کو سونے دے گی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب 2008 میں کانگریس نے کسانوں کے 77,000 کروڑ کے قرض معاف کئے اس وقت مودی کیا کر رہے تھے ؟۔ کانگریس نے اس کا کوئی پروپگنڈہ نہیں کیا ۔ ہم نے راست کسانوں کے کھاتوں میں رقم جمع کردی تھی ۔