پانچ رکنی کم عمر سارقین کی ٹولی گرفتار

مسروقہ مال ضبط ، پنجہ گٹہ پولیس کرائم اسٹاف کی کارروائی
حیدرآباد 22 اگسٹ (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس کے کرائم اسٹاف نے 5 رکنی کم عمر سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 5 رکنی ٹولی میں ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے طلباء بھی شامل ہیں۔ مذکورہ ٹولی شہر کے پاش علاقوں میں دن کے اوقات میں مکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے رات کے اوقات سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتے تھے۔ گھر میں داخل ہونے کے لئے کھڑکیوں کو توڑکرمکان میں موجود الماریوں کی چابیوں کی مدد سے قیمتی اشیاء بشمول آئی فون، لیاپ ٹاپ ، طلائی زیورات کا سرقہ کرتے تھے۔ پولیس نے کم عمر سارقین کو حراست میں لے کر اُن کی تفتیش کی جس پر پولیس کو اِس بات کا  علم ہوا کہ مذکورہ ٹولی سرقہ کی 6 وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس نے اُن کے قبضہ سے مسروقہ مال جس کی مالیت 15 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے برآمد کرلی۔