حیدرآباد ۔ یکم / اپریل (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی اسپیشل ٹیم نے 5 رکنی بین ریاستی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ اور ان کے قبضے سے 50 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر سری روی ورما نے بتایا کہ محمد رضوی عرف کفتن اپنے دیگر ساتھیوں شاداب علی ‘ نوشاد احمد ‘ محمد عارف ‘ محمد راشد اور ناصر جن کا تعلق رامپور بجنور اترپردیش سے ہے اور وہ 1999 ء سے سرگرم ہے ۔ حیدرآباد کے علاوہ نئی دہلی ‘ ممبئی ‘ پونے ‘ ناسک ‘ چینائی ‘ بنگلور ‘ وشاکھاپٹنم اور دہلی میں سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ مسروقہ مال کو فروخت کرنے پر حاصل کردہ رقم سے وہ فلائیٹ اور ٹرین سے مختلف ریاستوں کو سفر کیا کرتے اور مفقل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے وہاں سے لاکھوں روپئے کے قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا کرتے ۔ ڈی سی پی مسٹر ورما نے بتایا کہ مذکورہ ٹولی نے نارائن گوڑہ ‘ سلطان بازار اور آندھراپردیش کے تروپتی میں طلائی زیورات کے سرقے کئے تھے ۔ پولیس نے مذکورہ ملزمین کے قبضے سے دو کیلو مسروقہ طلائی زیورات بشمول سات سونے کے بسکٹ اور نادر جیولری برآمد کرلی جس کی مالیت 50 لاکھ ہے ۔