نئی دہلی۔25اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے واحد انفرادی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا نے غیر معمولی خیرسگالی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اعلیٰ معیاری جرمن ساختہ والتھر رائفلس پانچ باصلاحیت ہندوستانی شوٹرس کو دے دیا ۔ جموں و کشمیر کے 21سالہ ارون شرما ‘ ہریانہ کے 19سالہ پرشانت تنور ‘ کرناٹک کے 16سالہ نکھل اور اترپردیش کے 20سالہ ستیم چوہان اور 16سالہ گجیندر رائے کو ابھینو نے یہ پانچ رائفلس پیش کیا ۔ ابھینو بندرا اور گوا اسپورٹس فاؤنڈیشن کے شوٹنگ ڈیولپمنٹ پروگرام جس نے ہندوستان کے 30سرکردہ رائفل اور پستول شوٹرس کیلئے تعاون کی پیشکش کی ہے ۔ ان باصلاحیت نوجوانوں کی نشاندہی کی تھی ۔ 300 درخواست گذاروں کے منجملہ ان پانچ شوٹرس کا انتخاب عمل میں آیا ۔