پاناما لیکس: پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کی قطر میں آمد

دوحہ ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان قطری شہزادے حمد بن جاسم سے پوچھ گچھ کے لیے قطر پہنچ گئے ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن حکام کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان جن میں قومی احتساب بیورو کے نعیم منگی اور فوج کے خفیہ ادارے ملٹری انٹیلیجنس کے کامران خورشید شامل ہیں، منگل کو نجی ایئر لائن کے ذریعے قطر پہنچے۔نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جے آئی ٹی نے اس سے پہلے حمد بن جاسم کو پیش ہونے کے لیے دوبار خصوصی ایلچی کے ذریعے پیغام بھجوایا تھا لیکن انھوں نے پاکستان آ کر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔قطری شہزادے نے اپنے خط میں جے آئی ٹی کو سوالنامہ بھیجنے کے بارے میں کہا تھا تاہم اطلاعات کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے انھیں سوالنامہ نہیں بھیجا گیا تھا۔قطری شہزادے کا جوابی خط وزارتِ خارجہ کے ذریعے جے آئی ٹی کو بھجوا دیا گیا تھا جس میں انھوں نے پاناما لیکس سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران میاں نواز شریف کے خاندان کی جانب سے عدالت میں اْن کے (حمد بن جاسم) کی طرف سے لکھے گئے خط کے ہر ایک لفظ کی تصدیق کی تھی۔جے آئی ٹی نے حمد بن جاسم کو قطر میں پاکستانی سفارت خانے میں آ کر بیان ریکارڈ کروانے کی بھی پیش کش کی تھی لیکن انھوں نے اس سے بھی انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ٹیم کے ارکان قطر آئیں تو وہ تمام ثبوت فراہم کردیں گے۔