پال گڑھ ضمنی انتخاب، چیف منسٹر مہاراشٹرا کا شیوسینا پر دھوکہ دہی کا الزام

پال گھر (مہاراشٹرا) 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے شیوسینا پر پال گھر ضمنی چناؤ میں آنجہانی سابق رکن پارلیمنٹ چنتامن وانگا کے بیٹے گوپال گھرسیٹ کے لئے ٹکٹ دینے پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیاکہ یہ بات شیوسینا کے علم میں تھی کہ بی جے پی 28 مئی ضمنی انتخابات میں چنتا من وانگا کے خاندان کے کسی فرد کو ٹکٹ دینے والی ہے۔ وانگا کے بی جے پی سے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے فڈنویس نے کہاکہ وانگا بی جے پی نظریہ کے حامی تھے۔ شیوسینا نے چنتامن وانگا کے بیٹے سرینواس وانگا کے نام کا اعلان کرکے بی جے پی میں ہلچل مچادی۔ فڈنویس نے ضلع میں ایک ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کا منصوبہ دراصل چنتامن فیملی کے کسی فرد کو ٹکٹ دینا تھا لیکن شیوسینا نے اپنے یکطرفہ فیصلہ کے ذریعہ بی جے پی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ چیف منسٹر نے پال گھر کے بلّاسو پورہ علاقہ میں ایک انتخابی ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ شیوسینا کے اعلان کا مطلب بی جے پی کے پیٹھ میں چھرا گھونپنا ہے۔ چنتامن وانگا کی بیوی نے بی جے پی پر انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ چیف منسٹر فڈنویس نے کہاکہ صرف بی جے پی تشہیر کے مقصد سے سابق لیڈر کی تصویر کا استعمال کرسکتی ہے۔ فڈنویس نے پال گھر عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر ووٹ کا استعمال کریں اور انتباہ دیا کہ بی جے پی اور عوام کے درمیان میں جو کوئی بھی آئے گا اس کو کچل دیا جائے گا۔ انھوں نے کسی بھی پارٹی کا نام لئے بغیر کہاکہ زعفرانی جھنڈے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کی کسی کو بھی اجازت نہیں ہے۔ فڈنویس نے کہاکہ یہ کوئی گلی کا الیکشن نہیں بلکہ دہلی (پارلیمنٹ) کا انتخاب ہے اور دوسری پارٹیوں پر الزام لگایا کہ وہ عوامی بھلائی پر سیاست انجام دے رہے ہیں۔ اس ضمنی انتخاب میں بی جے پی نے حال ہی میں کانگریس سے منحرف لیڈر راجندر گاوٹ کو کھڑا کیا ہے۔ فڈنویس نے کہاکہ گیاوٹ ہی چنتامن وانگا کے صحیح جانشین ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ایسے افراد کو کیوں ووٹ دیا جائے جن کا وجود ہی نہیں ہے اور راجندر گاوٹ ہی وانگا کے سچے جانشین ہیں جنھوں نے عوامی جدوجہد میں حصہ لے کر مودی اورا ن کی ٹیم کو پارلیمنٹ تک پہنچایا۔ دہلی، بی جے پی سربراہ منوج تیواری نے بھی ریالی سے خطاب کیا۔ اس قبائیلی غلبہ والے انتخابی حلقہ میں جو ممبئی سے 110 کیلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ بی جے پی اور شیوسینا کے امیدواروں کے درمیان کانگریس نے بھی سابقہ رکن پارلیمنٹ دامودر شنگوڈے کو میدان میں اُتارا ہے۔ اس درمیان ایک مقامی سیاسی پارٹی بہوجن وکاس اگادی جس کے پال گھر اسمبلی حلقہ جات میں سے تین اسی پارٹی کے ہیں نے بھی سابقہ پارلیمان بالی رام جادھو کو انتخابی میدان میں اُتارا ہے۔