پالمیرا پر قبضہ ،بشارالاسد کو ایران کی مبارکباد

تہران ۔ 28 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے شامی فوج کے قدیم شہر پالمیرا پر دوبارہ قبضہ کی ستائش کی اور صدر بشارالاسد حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جاری لڑائی کی تائید برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے بشارالاسد کو ایک پیام روانہ کرتے ہوئے کل اسلامک اسٹیٹ گروپ کے خلاف شاندار اور بے مثال کامیابی پر مبارکباد دی ۔ سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے بموجب حکومت ایران اور اُس کی مسلح افواج شام کو اپنی تائید برقرار رکھیں گی ۔ ایران اپنے ایلیٹ انقلابی گارڈس اور فوجی مشیروں و رضاکاروں کے ذریعہ بشارالاسد کی مالی و فوجی تائید فراہم کررہا ہے ۔