حیدرآباد ۔ /8اگست (سیاست نیوز) طلائی زیور ات کا کم دام میں پالش کرنے کے بہانے خواتین کو ٹھگنے والی دو رکنی دھوکے بازوں کی بین ریاستی ٹولی کو سنٹرل زون پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بہار سے تعلق رکھنے والی تین رکنی ٹولی جس کا سرعنہ 30 سالہ دیپک کمار ہے اپنے دو ساتھیوں سچن سونی شاہ اور رنجیت گپتا کے ہمراہ حیدرآباد و سائبرآباد کے علاوہ جنہوں نے نلگنڈہ میں جملہ 49 وارداتیں انجام دیں تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دھوکہ باز گزشتہ دو سال سے یہ وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کا طریقہ کار یہ ہے کہ وہ مکانوں میں موجود تنہا خواتین کی نشاندہی کرنے کے بعد طلائی زیورات کی پالش کرنے والوں کے بھیس میں پہونچ کر خواتین کے طلائی زیورات حاصل کرلیتے اور اجالا واشنگ پاؤڈر اور ہلدی و دیگر اشیاء کی مدد سے طلائی زیورات کی پالش کرنے کا جھانسہ دے کر زیورات لیکر فرار ہوجایا کرتے ۔ پولیس اس ٹولی کو گرفتار کرنے کیلئے کئی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں اور بالآخر چکڑپلی کرائم ٹیم نے انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ ڈی سی پی سنٹرل زون نے بتایا کہ 3 رکنی ٹولی کے دو افراد دیپک کمار اور سچن سونی شاہ کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک اور رکن رنجیت گپتا ہنوز مفرور ہے ۔ چکڑ پلی پولیس نے گرفتار دو دھوکہ بازوں کے قبضے سے 155 تولے مسروقہ طلائی زیورات جن کی مالیت 45 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا ایک اور سرغنہ جس کی شناخت رنجیت کی حیثیت سے کی گئی ہے اور وہ ہنوز سرگرم ہے اور اس کی ٹولی میں بنٹی ، دیوی اور چھوٹو بھی شامل ہے ۔