شمس آباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شمس آباد کے موضع شنکراپورم میں دو افراد نے خواتین کو جھانسہ دے کر 7 تولہ سونا لے کر فرار ہوگئے ۔ شمس آباد پولیس کے بموجب شمس آباد کے موضع شنکرام پورم میں آج صبح دو نامعلوم افراد نے سونے کو پالش کرکے اس کی چمک بڑھانے کا جھانسہ دیا ۔ سمالتا 21 سالہ اور لاونیا 24 سالہ کے پاس س ے پہلے دونوں نے چاندی کی اشیاء کو چمکا کر بتایا اور ان کا بھروسہ جیت لیا ۔ جس کے بعد دونوں نامعلوم افراد نے دونوں خواتین کے پاس سے تین اور چار تولہ کے منگل سوتر جملہ 7 تولہ حاصل کیا اور دونوں خواتین کو چند اشیاء لانے کے لیے مکان کے اندر بھیجا اس دوران دونوں نے نقلی منگل سوتر ایک کپڑے میں باندھ کر انہیں دیدیا اور کہا کہ اسے پندرہ منٹ بعد کھولنا جس سے اس کی چمک میں اضافہ ہوگا ۔ اور وہ وہاں سے چلے گئے ۔ پندرہ منٹ بعد جب منگل سوتر دیکھا تو اصلی کی بجائے نقلی سونا پا کر حیران ہوگئے ۔ دونوں کو تلاش کیا گیا مگر کہیں بھی ان کا پتہ نہیں چلا جس کے بعد شمس آباد پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت کی ۔ شمس آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں کی تلاش شروع کردی ۔۔