پاش بنگلوں سے رقم و زیورات کا سرقہ

حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) نارسنگی علاقہ میں پیش آئے سلسلہ وار سنسنی خیز سرقہ کی واردات میں پاش ولاس میں نقد رقم، طلائی زیورات اور کار کا سرقہ کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کل رات نارسنگی پیرم چیرو میں واقع سری نیلایا ویلاس جس میں 21 پاش ولاس موجود ہیں، میں خار دار تار ہٹاکر سارقین اندر داخل ہوئے اور سافٹ ویر انجینئرس کو نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہیکہ 5 سارقین کی ٹولی نے ولاس میں منصوبہ بند طریقہ سے داخل ہوکر واچ مین کے ہاتھ پیر باندھ دیئے بعدازاں وینکٹیش نامی سافٹ ویر انجینئر کے ولا میں داخل ہوکر طلائی زیورات، چاندی اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ اِسی طرح جاشوا نامی سافٹ ویر انجینئر کے ولا میں بھی داخل ہوکر نقد رقم کے علاوہ پرس کا سرقہ کرلیا جس میں کار کی چابی تھی۔ سارقین واردات انجام دینے کے بعد مسروقہ کار میں راہ فرار اختیار کی۔ پولیس نے بتایا کہ سارقین کی ٹولی سری نیلایا ولاس میں دو گھنٹے تک موجود تھی اور منصوبہ بند طریقہ سے نشانہ بناتے ہوئے واردات انجام دی۔ نارسنگی پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔