پاسوان سیاسی قلا بازی کے ماہر : لالو پرساد

کھگریا( بہار)۔/25 اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار نے آج صدر ایل جے پی رام ولاس پاسوان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ ماقبل انتخابات مفاہمت کرنے پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ وہ ( پاسوان ) سیاسی قلا بازیاں کھانے میں ماہر ہیں۔ پارباٹا میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاسوان ہندوستان تو کیا پاکستان میں بھی یہ کہنا نہیں بھولتے کہ 2002ء کے مسلم کش گودھرا فسادات کے بعد انہوں نے این ڈی اے چھوڑ دی تھی۔ لیکن اب انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے نریندر مودی کا راگ الاپنا شروع کردیا ہے جو 2002ء کے مسلم کش فسادات کے اصل ذمہ دار ہیں۔

نتیش کمار نے کہا کہ کسی نے بھی آج تک ایسا پلٹی مار نیتا نہیں دیکھا گیا ہوگا۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے کہا کہ لالو جی ہر انتخابی جلسہ میں یہ کہتے نہیں تھک رہے ہیں کہ جاریہ لوک سبھا انتخابات میں نتیش کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو وہ ہر جلسہ میں ان کا( نتیش ) نام کیوں لے رہے ہیں؟۔ نتیش کمار کے ساتھ آر جے ڈی کے باغی ایم ایل اے سمراٹ چودھری بھی تھے۔ نتیش کمار نے کہا کہ سمراٹ چودھری نے ایک بہت ہی اچھا نکتہ اٹھایا ہے اور الیکشن کمیشن سے استفسار کیا ہے کہ چارہ اسکام میں سزا پانے والے لالو بھلا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کیسے ہوسکتے ہیں۔؟ نتیش کمار نے افسوس ظاہر کیا کہ سیاسی حریف اپنے حلقوں کے مسائل اور مدعوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ذات پات ، مذہب، فرقہ اور جذباتیت کے نام پر ووٹ طلب کررہے ہیں۔