نئی دہلی،15ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی اعلیٰ کمان گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر کی طویل مدت سے علالت کے مدنظر ریاست کی قیادت میں تبدیلی کر سکتی ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بی جے پی صدر امت شاہ گوا کی پیچیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پارٹی تنظیم کے جنرل سکریٹری رام لال کو وہاں بھیج سکتے ہیں۔ پاریکر نے وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ سے بھی فون پر بات کی تھی۔ گوا میں مارچ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں اکثریت نہ ملنے پر بی جے پی نے اتحادی حکومت بنائی تھی اور اس وقت مرکز میں وزیر دفاع منوہر پاریکر کو چیف منسٹر بنایا تھا۔ پاریکر کے ساتھ دو دیگر وزیروں کی بھی صحت خراب ہے ۔ اس درمیان پنجی کی اطلاع کے بموجب شمالی گوا کے کینڈولم میں واقع خانگی اسپتال میں زیر علاج پاریکر ہفتہ کو دہلی روانہ ہو رہے ہیں جہاں انہیں ایمس میں داخل کرایا جائے گا ۔پاریکر شمالی گوا میں آج اپنے آبائی گھر گئے تھے اور گنیش پوجا میں شامل ہونے کے بعد اسپتال لوٹ آئے تھے ۔ان کے کئی کابینی ساتھیوں اور دیگر قائدین نے ان سے اسپتال میں ملاقات کی ۔