نئی دہلی ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی مجوزہ تنظیمی تبدیلیوں سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر کابینی رفقاء اور سینئر قائدین سے ملاقات کریںگے۔ مرکزی وزیرداخلہ اور بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ کے علاوہ کلیدی وزراء ارون جیٹلی، نتن گڈکری اور ایم وینکیا نائیڈو اِس اجلاس میں شرکت کررہے ہیں جہاں مودی پارٹی اور حکومت کے مابین مؤثر رابطہ کو یقینی بنانے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سینئر پارٹی قائدین رام لال، امیت شاہ اور جے پی نڈا کے علاوہ دیگر بھی شرکت کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ ہریانہ اور مہاراشٹرا کے علاوہ دیگر ریاستوں میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات کے لئے پارٹی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مرکزی کابینہ میں توسیع بھی ایک اہم موضوع ہے جس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔ بی جے پی صدر کی دوڑ میں امیت شاہ اس وقت آگے ہیں تاہم نڈا اور اوم پرکاش ماتھر بھی اہم دعویدار کے طور پر اُبھرے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے پارٹی صدر کے بارے میں بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ دہلی اسمبلی انتخابات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کا امکان ہے۔