پارٹی کی خواہش پر لوک سبھا مقابلہ کیلئے تیارہوں : کجریوال

نئی دہلی ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کرنے کے بعد آج کہا کہ اگر پارٹی ہدایت دے تو وہ اس کیلئے تیار ہیں لیکن وہ وزارت عظمیٰ عہدہ کی دوڑ میں شامل نہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ انتخابات میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے مابین مقابلہ ہوگا ۔ کجریوال نے نیوز چینلس کو علحدہ انٹرویو میں کہا کہ اگر ایسی ضرورت لاحق ہو تو وہ مقابلہ میں حصہ لیں گے لیکن شخصی طور پر وہ انتخابی مقابلہ نہیں چاہتے ۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی بی جے پی اور عام آدمی پارٹی میں ہوگی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا قومی سطح پر اعادہ ہوگا ۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کی رتھ روکدی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی واضح فرق سے کامیابی حاصل کرے گی اور قومی سطح پر بھی اس کا مظاہرہ غیر معمولی رہیگا۔