پارٹی کارکن تحمل سے کام لیں ‘ حوصلہ رکھیں

لالو پرساد یادو کو خاطی قرار دینے پر رابڑی دیوی کی اپیل
پٹنہ 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی عدالت کی جانب سے چارہ اسکام میں خاطی قرار دئے جانے کے ایک دن بعد آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی شریک حیات و سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی نے آج پارٹی ورکرس سے کہاکہ وہ تحمل برقرار رکھیں اور اپنے عزائم بلند رکھیں۔ اپنی قیامگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رابڑی دیوی نے اپنے شوہر کی صحت کے تعلق سے تشویش کا اظہار کیا جو عمر کے 70 سال پورے کرچکے ہیں اور ان کی ہارٹ سرجری بھی ہوچکی ہے ۔ رابڑی دیوی نے کہا کہ ہمیں عدالت کے فیصلے کا احترام کرنا ہے ۔ بہار اور ملک کے دوسرے حصوں میں پارٹی کارکنوں کو چاہئے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور دل چھوٹا نہ کریں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ ’’ بھگوان کے گھر دیر ہے ۔ اندھیر نہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ کل ہمیں امید تھی کہ وہ عدالت سے بری ہوجائیں گے ۔ کچھ نیوز چینلوں نے یہ خبر نشر بھی کی تھی لیکن بعد میں انہوں نے خبر تبدیل کی ۔ اب جو کچھ ہو رہا ہے ہمیں اس کا سامنا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لالو یادو جیل میں بھی صحتمند رہیں گے اور اپنی دوا وقت پر استعمال کرینگے ۔ رابڑی دیوی نے کہا کہ عدالت کو بھی لالو یادو کی طبی حالت سے واقف کروایا گیا ہے ۔ تاہم لالو یادو کے بڑے فرزند و رکن اسمبلی تیج پرتاپ یادو نے دلیرانہ انداز اختیار کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ لالو کسی ایک شخص کا نام نہیں ہے ۔ یہ ایک نظریہ کا نام ہے ۔ ہمریں کوئی تشویش نہیں ہے ۔ انہیں انصاف ملے گا اور وہ بہت جلد جیل سے باہر آجائیں گے ۔ لالو پرساد کی سزا کا 3 جنوری کو اعلان کیا جاسکتا ہے ۔