ممبئی ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے قائد ایم کے الاگیری نے آج اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا ک پارٹی نے آن کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے انہیں معطل کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی میں موجود کچھ ’’طاقتوں‘‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ طاقتیں ان کے والد اور پارٹی سربراہ ایم کروناندھی کو ان کے فرائض کی انجام دہی کرنے میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ اپنے حامیوں کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں موجود طاقتیں پارٹی صدر کروناندھی کو ان کے فرائض انجام دینے میں رکاوٹ بن رہی ہیں جو دراصل ڈھکے چھپے انداز میں ڈی ایم کے خازن اور ان کے بھائی ایم کے اسٹالن کی جانب اشارہ تھا۔ یاد رہیکہ جنوبی اضلاع میں الاگیری کو پارٹی کا ایک بااثر قائد تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ پارٹی سے انہیں معطل کیا جانا ایک انتہائی غیرمناسب عمل ہے حالانکہ پارٹی میں الیکشن کے دوران بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کی روک تھام کا انہوں نے مطالبہ کیا تھا۔ کیا ایسا مطالبہ کرنا غیرقانونی ہے؟ کیا ایسا مطالبہ کرنے سے کسی قائد کو پارٹی سے نکال باہر کیا جاتا ہے؟ یہ وہ سوالات تھے جو انہوں نے اپنے خطاب کے دوران پوچھے۔ یاد رہیکہ24 اپریل کو منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کیلئے الاگیری کو پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا ہے۔