پارٹی میں غلط فہمیوں کا جلد ازالہ کیا جائیگا

کونسل انتخابات میں ہائی کمان کا فیصلہ قطعی ہوگا : پنالہ لکشمیا کا بیان
حیدرآباد /30 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کہا کہ خواہش سے پہلے ہی کانگریس ہائی کمان نے انھیں تلنگانہ کانگریس کی صدارت پر فائز کردیا۔ انھوں نے کہا کہ کونسل انتخابات کے معاملے میں ہائی کمان کا فیصلہ قطعی ہوگا، جب کہ کانگریس پارٹی ‘ حکومت کی ناکامی، غفلت اور وعدوں پر عمل آوری میں ناکامی کو موضوع بحث بناکر اپنی قسمت آزمائے گی۔ کونسل سے دلچسپی رکھنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں، کیونکہ کانگریس میں آزادی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر کوئی کونسل کیلئے اپنی دعویداری پیش کر رہا ہے، مگر قطعی فیصلہ ہائی کمان کا ہوگا۔ حیدرآباد میں کانگریس قائدین کے اختلافات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم بہت جلد ساری غلط فہمیاں دور کرلیں گے، تاہم میڈیا ہر معاملے کو پہاڑ بناکر پیش کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں کانگریس قائدین میں اختلافات نمایاں دیکھنے میں آئے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ایرا گڈہ کی طرف رخ کر رہی ہے۔ انھوں نے چیسٹ ہاسپٹل کی وقار آباد اور سکریٹریٹ کی چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ منتقلی کی سخت مخالف کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اپنے فیصلہ سے دست بردار نہیں ہوگی تو کانگریس پارٹی بڑے پیمانے پر احتجاج کرے گی، جس کے منفی اثرات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔