پارٹی سے بڑا کوئی نہیں ہے

کولکتہ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر ترنمول کانگریس لیڈر مکل رائے نے آج چیف منسٹر ممتا بنرجی کے ساتھ ان کے تعلقات میں دراڑ کی قیاس آرائیوں کے دوران کہاکہ پارٹی کسی بھی شخصیت سے زیادہ مقدم ہے۔ مسٹر مکل رائے نے جوکہ ٹی ایم سی آل انڈیا سکریٹری کے عہدہ پر برقرار ہیں، پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کا تذکرہ کئے بغیر کہاکہ پارٹی کسی بھی شخصیت سے زیادہ برتر ہے اور کوئی اس سے بڑا نہیں ہے۔ یہ نشاندہی کرنے پر کہ وہ روز اول سے ہی پارٹی سے وابستہ ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ میں ہنوز پارٹی کے ساتھ ہوں۔ واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے 14 فروری کو تنظیمی ردوبدل میں پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ سبھرتا بکشی کو ایڈیشنل آل انڈیا جنرل سکریٹری نامزد کرتے ہوئے مکل رائے کے اختیارات میں تخفیف کردی جس کے باعث پارٹی میں ان کا قد چھوٹا ہوگیا۔ مسٹر مکل رائے نے اپنے فرزند اور ٹی ایم سی رکن اسمبلی شبھ رنگشو رائے کے بیان پر تبصرہ سے انکار کردیا اور کہاکہ وہ علیحدہ موقف رکھتے ہیں اور مجھے ان کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہنا ہے اور جب وقت آئے گا میں اپنا اظہار خیال کروں گا۔ ٹی ایم سی قائدین نے کل شبھ رنگشو پر الزام عائد کیا تھا کہ پارٹی کے خلاف بعض ریمارکس کرکے اُنھوں نے ڈسپلن شکنی کی ہے۔ حالیہ اختتام پذیر ضمنی انتخابات میں بنگاؤں لوک سبھا حلقہ کے تحت کلیانی اسمبلی حلقہ میں خاطر خواہ ووٹ حاصل نہ ہونے پر پارٹی نے شبھ رنگشو کے رول پر سوال اُٹھائے تھے جس پر اُنھوں نے یہ وضاحت کی تھی کہ انتخابات سے قبل منعقدہ ایک اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی نے انھیں کوئی ذمہ داری نہیں دی تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ کلیانی اسمبلی حلقہ جوکہ ضلع 24 پرگنہ میں بنگاؤں حلقہ لوک سبھا کا ایک حصہ ہے یہ میرا حلقہ نہیں ہے جس کے باعث وہ نہیں جانتے کہ میری کوئی ذمہ داری ہے بھی یا نہیں؟ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کو یہ بھی تحقیقات کرنی چاہئے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں دیگر اسمبلی حلقوں بارکپورے، براسات، سیمرمپور اور جنوبی کولکتہ میں ووٹوں کا تناسب کیوں گھٹ گیا تھا۔ ٹی ایم سی کے سکریٹری جنرل پارتھا چٹرجی نے کل کہا تھا کہ اگر کوئی پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو انھیں بخشا نہیں جائے گا اور شبھ رنگشو کے خلاف تادیبی کارروائی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔