پارٹی ارکان پارلیمنٹ کیلئے سونیا گاندھی کا عشائیہ

نئی دہلی ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے 6 مئی کو پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو عشائیہ پر مدعو کیا ہے ۔ اس موقع پر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی ارکن پارلیمنٹ سے سیاسی صورتحال اور خاص طور پر حصول اراضیات بل کے تعلق سے تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا جب راہول گاندھی اپنی تعطیلات کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف سرگرم ہوگئے ہیں۔ کانگریس نے اب تک اپنا پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب نہیں کیا تھا اور ڈنر ملاقات پارٹی ارکان پارلیمنٹ کیلئے بھی راہول گاندھی سے تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کریگی ۔ راہول گاندھی تقریبا دو ماہ کی تعطیلات گذارنے کے بعد 15 اپریل کو واپس ہوئے ہیں۔ پارٹی کے لوک سبھا ارکان صدر سونیا گاندھی سے 5 مئی کو علیحدہ ملاقات بھی کرنے والے ہیں۔ کانگریس کے لوک سبھا کے 44 ارکان ہیں اور راجیہ سبھا میں اس کے ارکان کی تعداد 68 ہے ۔