پارلیمنٹ کے آخری بجٹ سیشن کا آج آغاز

نئی دہلی، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے عہد میں عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹ کا آخری سیشن جمعرات کو شروع ہو رہا ہے جس میں مودی حکومت عبوری بجٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کئی اہم زیر التواء بلوں کو منظور کرائے گی، وہیں اپوزیشن پورے دم خم کے ساتھ رافیل طیارے معاملت سمیت مختلف مسائل پر اسے گھیرنے کی پرزور کوشش کرے گا۔ 13 فبروری تک چلنے والے سیشن کا آغاز صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے ساتھ ہوگا۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اور پارلیمانی امور کے وزیر نریندر تومر سیشن کسی رکاوٹ کے بغیر چلانے کیلئے تمام پارٹیوں کے قائدین کے ساتھ رائے مشورہ کر رہے ہیں۔ سرمائی سیشن میں اپوزیشن کے مختلف مسائل پر ہنگامے کی وجہ سے راجیہ سبھا میں کوئی خاص کام کاج نہیں ہوسکا۔
جبکہ لوک سبھا میں بھی ہنگاموں کے درمیان ہی کچھ کام کاج ہو سکا تھا۔13فروری تک چلنے والے بجٹ سیشن کا آغاز مشترکہ اجلاس سے صدر رام ناتھ کووند کے خطاب سے ہو گا۔ دوسرے دن یکم ؍ فروری کو عبوری بجٹ پیش ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہیکہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی بجٹ پیش نہیں کریں گے کیونکہ علاج کیلئے وہ امریکہ میں ہیں۔ ان کے بجائے پیوش گوئل بجٹ پیش کریں گے جنہیں اس وزارت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔