پارلیمنٹ کارروائی میں تعطل پر اپوزیشن سے نائب صدرجمہوریہ کی اپیل

نئی دہلی ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں متحد ہوکر مسائل کی یکسوئی کی جانی چاہئے۔ صدرنشین راجیہ سبھا کا یہ تبصرہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے نصف آخر کا مکمل طور پر اپوزیشن کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد منظرعام پر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں ممکن ہیکہ کچھ تاخیر ہوئی ہو ایسا ہوا کرتا ہے لیکن اپوزیشن اور برسراقتدار پارٹی کو جمہوریت کے مفاد میں متحد ہوکر مسائل کی یکسوئی کرنی چاہئے۔ عوام نے ہمیں اس لئے ووٹ نہیں دیا ہیکہ ہم کئی دن تک پارلیمنٹ کی کارروائی چلنے کی اجازت نہ دیں۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس طرح مسائل کی یکسوئی نہیں ہوسکتی۔ بجٹ اجلاس 6 اپریل کو ختم ہوا ۔ اعدا دوشمار کے بموجب پورے بجٹ اجلاس میں مختلف مسائل پر اپوزیشن کے پرشور احتجاج کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔