پارلیمنٹ چلانے پہل شروع ،گوئل کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات

نئی دہلی23مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وجے گوئل نے پارلیمنٹ کی کارروائی غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے آج کہا کہ حکومت قانون سازی کے زیرالتوا کاموں کو نمٹانا چاہتی ہے اور اس کے لئے ایوان میں جاری تعطل دور کرنے کے لئے اس نے اپوزیشن پارٹیوں سے بات چیت شروع کردی ہے اور ان کی طرف سے مثبت یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے ۔ مسٹر گوئل نے دونوں ایوانوں میں جاری تعطل کے بارے میں دریافت کیے جانے پر یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں بتایا کہ جمعرات کو انہوں نے راجیہ سبھا میں کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد، تیلگودیشم پارٹی کے رہنما وائی ایس چودھری اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے وی میترئن اور اے نونیت کرشنن سے ملاقات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دو دنوں میں دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماوں سے بھی ملیں گے ۔ مسٹر آزاد نے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کانگریس بھی چاہتی ہے کہ ایوان کی کارروائی چلے اور اس کے علاوہ مسٹر میترئن نے بھی کہا کہ جیسے ان کی پارٹی نے گریجویٹی بل کو راجیہ سبھا میں منظور کرانے میں تعاون دیا ویسے ہی دیگر بلوں کی منظوری میں بھی تعاون کرے گی۔