نئی دہلی۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی جانب سے ریل بجٹ پر لوک سبھا کی کارروائی میں خلل اندازی پر اعتراض کرتے ہوئے مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ ایوان کے ’’نظم و ضبط اور وقار‘‘ کو برقرار رکھیں۔ وہ ایوان پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ترنمول کانگریس کی جانب سے ریل بجٹ کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی کوشش کو ’’غیرمنصفانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی ریلوے پراجیکٹس مغربی بنگال میں بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتوں میں اضافہ کے بشمول تمام مسائل پر مباحث کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم پر تنقید ناانصافی ہے۔ کئی ریلوے پراجیکٹ مغربی بنگال میں بھی شروع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کانگریس پر وزیر ریلوے ڈی وی سدانند گوڑا کی قیام گاہ کے روبرو کل ریل بجٹ کے خلاف احتجاج کے دوران حملہ کرنے پر بھی سخت تنقید کی۔ ترنمول کانگریس کے ریلوے بجٹ اور خاتون رکن پارلیمنٹ پر حملے کے خلاف احتجاج کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی آج مفلوج ہوگئی تھی۔