پارلیمنٹ میں مودی حکومت کو گھیرنے کا عزم

کولکتہ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے خلاف موقف سخت کرتے ہوئے ترنمول کانگریس نے آج کہا کہ پارٹی پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن کے دوران مودی حکومت کو گھیرے گی کہ وہ ماقبل چناؤ کئے گئے اپنے وعدوں جیسے بیرون ملک سے کالا دھن کو واپس لانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ وہ حکومت کے خلاف سیاسی طور پر بھی جدوجہد کرے گی کہ کروڑہا روپئے کے چٹ فنڈ اسکام میں ٹی ایم سی قائدین سے غیرضروری پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ٹی ایم سی راجیہ سبھا ایم پی ڈیرک اوبرین نے پارٹی کی دو گھنٹے طویل میٹنگ کے بعد میڈیا والوں کو بتایا کہ ہم پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں مودی حکومت کو جواب دہ بنائیں گے کہ وہ انتخابات سے پہلے کے اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے جن میں کالا دھن کی بیرون ملک سے واپسی اور اراضی سے متعلق ظالمانہ آرڈیننس شامل ہیں۔