آرمور 11 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں کانگریس پارٹی کی جانب سے جھنڈا تقریب کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق اسپیکر اسمبلی سریش ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے پرچم کشائی انجام دی۔ بعدازاں امبیڈکر چوراہا پر منعقد جھنڈا تقریب پروگرام میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ عوام کے جذبہ کی قدر کرتے ہوئے اور تلنگانہ عوام کو انصاف دلانے کی خاطر تلنگانہ بل کو مرکزی کابینہ میں منظور کرتے ہوئے صدرجمہوریہ کے پاس بھیجا اور جلد اسے پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہوئے تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کے خواب کو پورا کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ علیحدہ تلنگانہ دہلی کے کُل جماعتی اجلاس میں کانگریس کی جانب سے مجھے نمائندگی کرنے کا موقع ملا جس پر میں تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو زیربحث لاتے ہوئے تلنگانہ کے حق میں لڑائی لڑی تھی۔ یہ لڑائی ضرور کامیاب ہوگی۔ اُنھوں نے آرمور کے عوام سے وعدہ کیاکہ میں علیحدہ تلنگانہ لئے آپ کے سامنے پھر حاضر ہوں گے۔ آگے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے یہ پرواہ کئے بغیر کہ آندھرا میں اسمبلی اور پارلیمنٹ کی نشستیں زیادہ ہیں اور یہ آندھرا کے لوگ تلنگانہ دینے پر مخالفت کریں گے۔
اس طرح کانگریس نے تلنگانہ کے لئے انتہائی اہم قدم اُٹھایا ہے۔ اسے تلنگانہ کے عوام بھلا نہیں پائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ میں کسی عہدے پر نہیں رہتے ہوئے بھی آرمور کے عوام کے لئے پینے کے پانی کیلئے 108 کروڑ روپئے بجٹ منظور کروایا۔ اس کے علاوہ کسانوں کی ترقی کے لئے 50 کروڑ روپئے اور مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈس منظور کروایا۔ میں کسی عہدے پر رہے بغیر آرمور کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ حاضررہوں گا۔ اس موقع پر کانگریس ضلعی صدر مائناریٹی سیل سمیر احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی عوام بالخصوص اقلیتوں کی ترقی کی پابند ہے۔ اُنھوں نے آرمور کے عوام کو پانی کی سہولت کے لئے 108 کروڑ روپئے منظور کروانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کو توجہ دلائی کہ آرمور مرکزی کمیٹی انجمن تنظیم المسلمین دفتر کمیونٹی ہال کے لئے فنڈ اور قبرستان کے لئے اراضی منظور کروائیں۔ اس موقع پر شراون ریڈی، کاندیش سرینواس، تریوینی گنگادھر، پی سی یوجنا اقلیتی قائدین، محمد حبیب الدین، سید عتیق، محمود علی، شیخ بابو، شیخ احمد، حبیب الدین اور محمد نوید و دیگر کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔